کابل ایئرپورٹ سے امریکی فوج کے آخری دستے نے پیر کی رات مقامی وقت کے مطابق 11 بج کر 59 منٹ پر پرواز کی۔

IMG_20210831_124754.jpg

کابل ایئرپورٹ سے امریکی فوج کے آخری دستے نے پیر کی رات مقامی وقت کے مطابق 11 بج کر 59 منٹ پر پرواز کی۔

امریکہ نے پیر کے روز رات گئے افغانستان سے اپنا انخلا مکمل کر لیا، جس کے ساتھ ہی امریکہ کی طویل ترین جنگ کا اختتام ہو گیا، جسے کئی اعتبار سے یاد رکھا جائے گا۔

انخلا کے عمل کے دوران خودکش بم دھماکوں سے 180 سے زائد افغان باشندے اور امریکی سروسز کے13 اہل کاروں کی جانیں ضائع ہوئیں۔جن میں سے کچھ کی عمریں اس جنگ کی طوالت سے کچھ ہی زیادہ تھیں

صدر جو بائیڈن کی جانب سے منگل 31 اگست تک انخلا مکمل کرنے کے وعدے سے چند گھنٹے قبل امریکی ایئرفورس کے ٹرانسپورٹ طیاروں پر کابل سے امریکی فوج کے آخری دستے کے اہلکار سوار ہوئے۔

ان فوجیوں نے ہزاروں افغان باشندوں کے بحفاظت انخلا اور دیگر انتظامات کے لیے کابل ایئرپورٹ پر دو ہفتوں تک انتہائی مشکل مشن سرانجام دیا۔

انخلا سے منسلک جنگی کوششوں کی تکمیل کا اعلان کرتے ہوئے، امریکی سینٹرل کمانڈ کے سربراہ جنرل فرینک میک کینزی نے کہا کہ آخری طیارے نے کابل ایئرپورٹ سے واشنگٹن کے وقت کے مطابق سہ پہر تین بج کر 29 منٹ پر پرواز کی یعنی کابل میں آدھی رات سے ایک منٹ پہلے۔

کابل کے ایئرپورٹ نے انخلا کے عمل کے دوران اس ملک میں امریکہ کے ایک جزیرے کی شکل اختیار کر لی تھی۔

ہزاروں افغان باشندے اور ان کے خاندان جنہیں امریکیوں کے جانے کے بعد طالبان سے خطرہ تھا، امریکی فوج کی نگرانی میں کابل ایئرپورٹ سے مختلف ممالک کو روانہ کیے گئے جہاں دستاویزات اور امیگریشن کا عمل مکمل ہونے کے بعد ان کی آخری منزل امریکہ ہو گی۔

20 برسوں پر پھیلی ہوئی اس جنگ میں 2400 سے زیادہ امریکی فوجیوں نے اپنی جانیں قربان کیں۔

انخلا کے آخری گھنٹوں میں امریکی فوجیوں کو انتہائی ڈرامائی حالات میں اپنی ذمہ داریاں نبھانی پڑیں۔ انہیں نہ صرف خود کو بحفاظت طیارے میں سوار کرنا تھا بلکہ کچھ سامان بھی نکالنا تھا اور اس کے ساتھ ساتھ ان خطرات اور دھمکیوں پر بھی گہری نظر رکھنی تھی جو انہیں داعش کی جانب سے درپیش تھیں۔

پیر کے روز داعش نے کابل ایئرپورٹ پر کئی راکٹ داغے جنہیں امریکہ کے میزائل ڈیفنس سسٹم نے ہدف پر پہنچنے سے پہلے ہی شکار کر لیا۔ اور اس سے قبل ایئرپورٹ کے باہر ایک خودکش حملے میں 180 افغان شہری اور امریکی فورسز کے 13 اہل کار ہلاک ہو گئے تھے۔

شیئر کریں

Top