(ن) لیگ کا یہی رویہ رہا تو نوازشریف کے جیل ٹرائل پر نظرثانی کی جاسکتی ہے: فواد

  • ABB49F13-7C7E-4712-BD7C-B98741974AAF.jpeg

اسلام آباد: ترجمان تحریک انصاف فواد چوہدری کا کہنا ہےکہ مسلم لیگ (ن) کا یہی رویہ رہا تو نوازشریف کے جیل ٹرائل کے فیصلے پر نظرثانی کی جاسکتی ہے۔

اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو میں ترجمان پی ٹی آئی نے نوازشریف کی احتساب عدالت میں پیشی پر بات کرتے ہوئے کہا کہ یہ نہیں ہوسکتا کہ آپ سیکڑوں لوگوں کو عدالت بھجوادیں، جو عدالت اٹینڈ کرنا چاہتے ہیں ان کی فہرست دی جانی چاہیے، (ن) لیگ کا یہی رویہ رہا تو نوازشریف کے جیل ٹرائل کے فیصلے پر نظرثانی کی جاسکتی ہے۔

ایک سوال کے جواب میں فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ (ن) اور پیپلزپارٹی کا اتحاد غیر فطری ہے، وہ نہیں چل سکتا۔

عمران خان شیروانی زیب تن کرکے وزارتِ عظمیٰ کا حلف اٹھائیں گے

عمران خان کی تقریب حلف برداری سے متعلق سوال پر فواد چوہدری نے بتایا کہ عمران خان شیروانی میں حلف اٹھائیں گے۔

انہوں نے کہا یہ روایت ہے کہ قائداعظم محمد علی جناح نےبھی شیروانی میں حلف اٹھایا تھا، اس لیے جناح صاحب کی روایت کی پاسداری کی جائے گی۔

واضح رہےکہ عام انتخابات میں بھاری اکثریت کے بعد تحریک انصاف وفاق میں حکومت بنارہی ہے اور تحریک انصاف کی طرف سے نامزد وزارتِ عظمیٰ کے امیدوار اور ممکنہ وزیراعظم عمران خان کی حلف برداری کے لیے 18 اگست کی تاریخ مقرر کی گئی ہے۔

Comments

comments