ملک کے مہنگے ترین انتخابات 3 گنا اخراجات بڑھ گئے

ملک میں ہونے والے حالیہ انتخابات پر آنے والے اخراجات گزشتہ 2 الیکشن پر خرچ ہونے والی مجموعی رقم سے 3 گنا بڑھ چکے ہیں، جس میں زیادہ تر رقم سیکیورٹی اہلکاروں کی تعیناتی پر خرچ کی جائے گی۔

الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) کے اندازے کے مطابق انتخابی عمل پر 21 ارب روپے سے زائد رقم خرچ ہونے کا امکان ہے، جس میں سے 10 ارب 50 کروڑ روپے سے زائد معمول کے انتخابی عمل، جس میں پولنگ اسٹاف کی تربیت، الیکشن میں فرائض انجام دینے والے انتخابی عملے کے معاوضے، انتخابی مواد کی چھپائی، مواصلات اور دیگر معاملات کی مد میں خرچ ہوں گے۔

ایک انگریزی اخبار کی رپورٹ کے مطابق الیکشن کمیشن کے تخمینے کے مطابق فوج کو ادا کیے جانے والے فنڈ کی لاگت بھی اتنی ہی رہنے کی توقع ہے، تاہم اس حوالے سے الیکشن کمیشن کے بعد ادائیگیوں کے بل کی بنیاد پر ہی حتمی طور پر کچھ کہا جاسکتا ہے۔

اس حوالے سے پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں الیکشن کمیشن کے ترجمان چوہدری نسیم قاسم کا کہنا تھا کہ اس وقت انتخابات پر آنے والی حتمی لاگت کے حوالے سے کچھ کہنا ممکن نہیں کیوں کہ انتخابی سرگرمیاں گزشتہ ایک سال سے جاری ہیں اور اس درمیان 2 وفاقی بجٹ آچکے ہیں۔

اس سلسلے میں پہلے مالی سال میں انتخابی مواد، برآمد شدہ واٹر مارک پیپر، اسٹیشنری، لفافوں کی چھپائی، انتخابی دستاویزات اور الیکشن اسٹاف کی تربیت کے اخراجات شامل تھے۔

رواں مالی سال میں انتخابی تیاریوں کے لیے مختص کی جانے والی رقوم میں انتخابی معاوضوں اور اعزازی رقوم، انتخابی مواد کی ترسیل اور رائے شماری والے دن کے انتظامات کی مد میں آنے والے اخراجات شامل ہیں۔

خیال رہے کہ حالیہ انتخابات میں جہاں پریزائیڈنگ افسر کا اعزازیہ 3 ہزار سے بڑھا کر 8 ہزار کیا گیا وہیں پولنگ افسر کا اعزازیہ بھی 3 ہزار کے بجائے 6 ہزار روپے کیا گیا۔

Comments

comments