نواز شریف آج ایک مرتبہ پھر سے نیب لاہور میں پیش نہیں ہوئے۔

رائے ونڈ سے جاتی امرا تک سڑک کی مبینہ غیر قانونی تعمیر کا کیس، نواز شریف آج ایک مرتبہ پھر سے نیب لاہور میں پیش نہیں ہوئے۔

نیب کی تین رکنی جوائنٹ انویسٹی گیشن ٹیم تعطیل ہونے کے باوجود نیب لاہور کی عدالت میں نواز شریف کا انتظار کرتی رہی لیکن سابق وزیراعظم پیش نہ ہوئے۔ اس سے پہلے طلبی پر نواز شریف لندن میں ہونے کے باعث پیش نہیں ہوئے تھے۔

کیس میں نیب کا موقف ہے کہ نوازشریف نے بطور وزیراعظم 1998 میں اختیارات کا ناجائز استعمال کرتے ہوئے جاتی امرا تک سڑک تعمیر کروائی اور انہی کے حکم پر سڑک کی چوڑائی 20 فٹ سے 24 فٹ کی گئی جس سے لاگت بڑھ گئی اور قومی خزانے کو نقصان پہنچا۔

اس کیس میں نواز شریف کے علاوہ وزیر اعلیٰ پنجاب شہبازشریف بھی نامزد ہیں۔

واضح رہے کہ اس سے قبل انہیں 21 اپریل کو پیش ہونے کا حکم دیا تھا تاہم وہ بیگم کلثوم نواز کے علاج کی غرض سے لندن میں موجودگی کے باعث پیش نہیں ہوئے تھے۔

نیب لاہور نے سابق وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف کے خلاف ایک اور ریفرنس دائر کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ نجی ٹی وی کے مطابق سابق وزیر اعظم کیخلاف اپنی رہائش گاہ کے باہر سڑ ک کی تعمیر کے کام میں مداخلت کا الزام تھا جس سے تعمیراتی کام کی لاگت میں اضافہ ہوگیا تھا۔نیب کی جانب سے سڑک کو غیر قانونی طور پر چوڑا کرنے کے حوالے سے جواب طلبی کیلئے نواز شریف کو دو بار سمن بھیجے لیکن وہ عدالت حاضر نہیں ہوئے جس کے بعد نیب نے سابق وزیر اعظم کیخلاف ایک اور ریفرنس دائر کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے ۔

Comments

comments