نوازشریف کا قومی کمیشن بنا کر غداری کا جائزہ لینے کا مطالبہ جرم ثابت ہونے پر پھانسی پر لٹکا یا جائے

پاکستان مسلم لیگ ن کے قائد میاں محمد نوازشریف نے کہا ہے کہ اس شخص کو غدار کہا گیا جو ملک کے لیے مرتا ہے، اگر میں غدار ہوں تو ایک قومی کمیشن بنایا جائے تاکہ حساب کتاب ہو جائے، 2013میں عوام سے کئے گئے وعدے پورے کئے ،عمران خان نے خیبرپختونخوا کے مینڈیٹ کی توہین کی ووٹ کو عزت دو کا نعرہ ملک کے طول وعرض میں پہنچ چکا ہے ۔2018 مسلم لیگ کی کامیابی کا سال ہوگا، بونیر میں مریم نواز کے ہمراہ جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے نوازشریف نے کہا ہے کہ آج بونیر پاکستان میں ایک مثال قائم کررہا ہے اور اس بات کا اعلان کررہا ہے کہ 2018مسلم لیگ ن کی کامیابی کا سال ہوگا۔ پورا پاکستان بدل رہا ہے ۔ مگر کے پی کے ابھی تک پرانا ہی چل رہا ہے اگر عمران خان کی جگہ نوازشریف ہوتا تو بونیر سے لے کر سانگلہ سے بھی آگے موٹروے بن چکی ہوتی میں نے ملک کی خدمت کی بہت سے ترقیاتی کام کئے دہشتگردی اور لوڈ شیڈنگ کا خاتمہ کیا ۔ آج پورے پاکستان میں عوام سکون کی زندگی بسر کررہے ہیں عمران خان نے ووٹ لے کر کے پی کے کے عوام کو دھوکہ دیا باقی کچھ نہ کیا ۔ عمران خان نے صوبے کے عوام کے مینڈیٹ کی توہین کی ۔ میں نے جو بھی وعدہ کیا پورا کیا عوام نے موقع دیا تو خیبرپختونخوا میں پنجاب جیسی ترقی دیں گے کے پی کے کی تقدیر بدل جائے گی ہم رات دن آپ کی خدمت کریں گے جو نوازشریف پاکستان سے دہشتگردی کا خاتمہ کرتا ہے پاکستان کو ایٹمی قوت بناتا ہے جو گارگل کی رسوائی پر پردہ ڈالتا ہے جو موٹروے بناتا ہے بجلی بحران کا خاتمہ کرتا ہے پاکستان کو امن کا گہوارہ بناتا ہے آج اس نوازشریف پر غداری کا الزام لگایا جارہا ہے ۔ ہم کراچی میں امن لے کر آئے لیکن سندھ حکومت نے کراچی کیلئے کچھ نہیں کیا ۔ انشاء اللہ آئندہ خیبرپختونخوا میں بھی حکومت مسلم لیگ ن کی ہوگی ۔ نوازشریف نے کہا کہ پاکستان کو ایٹمی قوت بنانا غداری ہے یا حب الوطنی ہے ؟یہاں الٹی گنگا بہہ رہی ہے ۔ ملک کو ایٹمی قوت بنانے والا غدار اور جو پاکستان کو اندھیروں میں ڈوب دیتے ہیں ۔ دہشتگردی کا بیج بوتے ہیں وہ محب الوطن ٹھہرائے جارہے ہیں ۔ جو پاکستان کا آئین وقانون توڑ کر مارشل لاء لگاتے ہیں وہ محب الوطن ہیں جو دن رات عوام کی خدمت کرتے ہیں وہ غدار ہیں ۔ اب الٹی گنگا نہیں بہے گی ہم نہیں بہنے دیں گے ۔ ہم نے اس کے سامنے بند باندھنا ہے ۔ عوام میرا ساتھ دیں ہم پاکستان میں مسائل ختم کریں گے اور ایک خوشحال معاشرہ قائم کریں گے ۔ پاکستان میرا ملک ہے مجھے اس سے محبت اور خلوص ہے ۔ یہ ہم سب کا ملک ہے یہ کسی ایک کی جاگیر نہیں ہے ہم ایسی تمام طاقتوں کا مقابلہ کریں گے جو میرے وطن کو نقصان پہنچاتی ہیں ۔ ہم ملک کے کسی نقصان کو برداشت نہیں کریں گے ۔ انہوںنے کہا کہ عمران خان نے خیبرپختونخوا کیلئے کچھ نہیں کیا ۔ 50ہزار میگاواٹ بجلی پیدا کرنے کا دعویدار ایک میگاواٹ بھی نہیں بنا سکا ۔ جو قومیں ملک کے مفاد کے خلاف کام کرتی ہیں کیا آپ ان کے خلاف میرا ساتھ دیں گے ؟ان کے خلاف میرا ساتھ دیں گے ؟نوازشریف نے کہا کہ اگر میں واقعی غدار ہوں یا ملک دشمن ہوں تو پھر آئو ایک قومی کمیشن بنائو تاکہ اس کا حساب کتاب ہو جائے پھر کمیشن اپنی رپورٹ دے جو مجرم ہے اس کو سرعام پھانسی پر لٹکایا جائے نوازشریف نے کہا کہ میں عوام کے ووٹ کے حرمت کو کسی قیمت پر پامال نہیں ہونے دوں گا۔ آپ بھی میرا ساتھ دیں کہتے ہیں نوازشریف نے منی لانڈرنگ کرکے 5ارب ڈالر ہندوستان بھجوائے ہیں جس نے منی لانڈرنگ کی ہے اس کا بھی کمیشن بننا چاہیے ۔ چیئرمین نیب بھی کمیشن کے سامنے آ ئیں اور آکر جواب دے کہ میں نے جو کچھ کیا ہے اس کی معافی مانگتا ہوں اور معافی مانگ کر گھر جاتا ہوں چیئرمین صاحب ہم آپ کو اس طرح نہیں جانے دیں گے یہ قوم آپ کے احتساب کا بھی مطالبہ کرتی ہے ۔ انہوںنے کہا کہ عمران خان نے خیبرپختونخوا کیلئے کچھ نہیں کیا ۔ 50ہزار میگاواٹ بجلی پیدا کرنے کا دعویدار ایک میگاواٹ بجلی بھی نہیں بناسکا ۔ عمران خان نے بونیر کے نوجوانوں کے روز گار کیلئے کچھ نہیں کیا اب کوئی ووٹ کی بے حرمتی نہیں کرسکے گا۔ ہم ایسا پروگرام بنارہے ہیں سب بے گھروں کو گھر مہیا کیا جائے نوجوانوں کو باعزت روزگار ملے گا۔ لیکن آپ نے میرے ساتھ وعدہ کرنا ہے کہ ووٹ کو عزت دو ۔ اس سے قبلجلسے سے اپنے خطاب میں نوازشریف کی صاحبزادی و مسلم لیگ (ن) کی خاتون رہنماء مریم نوازنے کہا کہ نواز شریف اور عوام کا رشتہ 30 سال سے قائم ہے اور انہیں کسی سے محب وطن ہونے کا سرٹیفکیٹ لینے کی ضرورت نہیں ہے ، مریم نواز نے کہا کہ نوازشریف سے عوام کی محبت روز بروز بڑھتی جارہی ہے ووٹ کوعزت دو کا جو جھنڈا اٹھا کر چلے ہیں امید ہے نوجوان اپنے ووٹ کوعزت دلا کر رہیں گے ۔ عوام ووٹ دے کر جس کو ایم این اے ،ایم پی اے وزیر یا وزیراعظم بناتے ہیں وہ ووٹ نہیں عوام کی طاقت ہوتی ہے ۔ جب عوامی نمائندوں کو کرپٹ ، غدار ٹھہرایا جاتا ہے ۔ میں پوچھتی ہوں ضرب عضب اور ردالفساد کی کامیابی کو نڈر اور بے خوفی سے لیڈ کرنے والا کیا غدار ہوسکتا ہے ۔ کیا بلوچستان کی محرومیوں کو دور کرنے اور قومی دھارے میںلانے ان کو پاکستان سے جوڑنے ولا صوبوں کو قریب لانے والا کیا غدار ہوسکتا ہے ۔5سال دھرنے برداشت کرنے والا کیا غدار ہوسکتا ہے؟کیا سازشوں کے باوجود ملک سے اندھیرے اور دہشتگردی ختم کرنے والا غدار ہوسکتا ہے ۔ کیا آپ کے ووٹ آپ کے حق حکمرانی آئین وقانون کی بالا دستی کی بات کرنے والا غدار ہوسکتا ہے ۔ کیا اقوام متحدہ میں برہان وانی اور بلوچستان میں ہونے والی دخل انداری کا ثبوتوں کے ساتھ مقدمہ پیش کرنے والا غدار ہوسکتا ہے؟ نوازشریف اس دھرتی کا بیٹا ہے اس کو کسی سے حب الوطنی کے سرٹیفکیٹ کی ضرورت نہیں ہے ۔ 30سال سے عوام کا بار بار ووٹ کے ذریعے نوازشریف کو اعتماد سے نوازنا ہی اس کیلئے سب سے بڑی حب الوطنی کا سرٹیفکیٹ ہے ۔ آپ کے ووٹ سے آیا ہوا تو غدار ٹھہرایا جاتا ہے ۔
سابق وزیرِاعظم میاں محمد نواز شریف نے غداری کے الزامات پر قومی کمیشن بنانے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ جس نے ملک سے غداری کی اسے سرعام پھانسی دی جائے۔

بونیر میں جلسے سے خطاب میں سابق وزیرِاعظم میاں نواز شریف کا کہنا تھا کہ غداری کے معاملے پر قومی کمیشن بنایا جائے، قومی کمیشن فیصلہ کرے کہ غدار کون ہے اور جس نے ملک سے غداری کی اسے سرعام پھانسی دی جائے۔

سابق وزیرِاعظم کا کہنا تھا کہ اب ہم الٹی گنگا نہیں بہنے دیں گے۔ مجھ پر 5 ارب ڈالر بھارت منتقل کرنے کا الزام لگایا گیا۔ منی لانڈرنگ کے الزامات پر بھی قومی کمیشن بننا چاہیے۔ اس معاملے پر چیئرمین نیب کو طلب کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ عوام چیئرمین نیب کی معافی کا مطالبہ بھی کر رہے ہیں، انھیں معافی مانگنا ہو گی۔

نواز شریف کا کہنا تھا کہ 2018ء مسلم لیگ (ن) کا سال ہو گا۔ عمران خان کا صوبہ اب بھی پرانا ہی چل رہا ہے۔ ہماری حکومت ہوتی تو مردان میں موٹروے پہنچی ہوتی۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے ملک سے دہشت گردی کا خاتمہ کیا لیکن عمران خان نے خیبر پختونخوا کےعوام سے دھوکا کیا۔ ہم نے کراچی میں بھی امن قائم کیا لیکن سندھ حکومت نے کچھ نہیں کیا۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ اقتدار میں آ کر خیبر پختونخوا اور پشاور کو بہتر بنائیں گے۔

 

Comments

comments