وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال پر قاتلانہ حملہ کی فوری تفتیش کر کے حقائق اور اس کے ماسٹر مائنڈ کو سامنے لایا جائے  سیاست میں تلخی اور جذبات کو انتہا تک نہیں پہنچنا چاہیے، اب یہ جذبات اور تلخی پرتشدد واقعات میں بدل رہی ہے لیاقت بلوچ

جماعت اسلامی پاکستان اور متحدہ مجلس عمل کے سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ 13 مئی کو مینار پاکستان پر متحدہ مجلس عمل کا جلسہ مینار پاکستان کی سیاسی تاریخ کا سب سے بڑا جلسہ ہو گا اور اس سے پہلے ہونے والے تمام جلسوں کو مات دے گا ـ انہوںنے مطالبہ کیا کہ وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال پر قاتلانہ حملہ کی فوری تفتیش کر کے حقائق اور اس کے پیچھے ماسٹر مائنڈ ذہن کو سامنے لایا جائے ـ ان خیالات کا اظہار انہوںنے گزشتہ روز جماعت اسلامی لاہور کے دفتر میں متحدہ مجلس عمل کے مرکزی رہنماؤں کے اجلاس کے بعد پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیاـ اس موقع پر متحدہ مجلس عمل و دینی جماعتوں کے دیگر رہنما شاہ اویس نورانی ، محمد خان لغاری ، سبطین سبزواری ، جاوید قصور ، ریاض درانی اور دیگر رہنما بھی موجودتھےـ لیاقت بلوچ نے کہا کہ ہم پہلے بھی نشاندہی کرتے رہے ہیں کہ سیاست میں تلخی اور جذبات کو انتہا تک نہیں پہنچنا چاہیے اور اب یہ جذبات اور تلخی پرتشدد واقعات میں بدل رہی ہے ـ انہوںنے کہا کہ ہم وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال پر قاتلانہ حملے کی شدید مذمت اور مطالبہ کرتے ہیں کہ اس حملہ کے پیچھے ماسٹر مائنڈ ذہن کو سامنے لایاجائے ـ لیاقت بلوچ نے کہا کہ بعض لوگ عام انتخابات کو آگے لیجانے کی بات کرتے ہیں لیکن آئین اس کی اجازت نہیں دیتا ـ آئین کے آرٹیکل 54 2کے تحت اگر کوئی حکومت اپنے پانچ سال پورے نہ کرسکے تو اس حکومت کے ختم ہونے کے بعد 90 دن کے بعد اوراگر اسمبلیاں اپنی پانچ سالہ مدت پوری کر لیں تو اس مدت کے پورے ہونے کے بعد 60 دن کے اندر عام انتخابات کروانے ضروری ہیں اورآئین کا کوئی بھی دوسرا آرٹیکل اس آرٹیکل کی منشا کو تبدیل نہیں کر سکتاـ انہوںنے وزیر اعظم اور صوبائی وزرائے اعلی سے مطالبہ کیا کہ وہ اپنی آئینی ذمہ داری پوری اور آئینی حق استعمال کرتے ہوئے وفاق اور صوبوں میں نگران حکومتیں قائم کریں ـ انہوںنے کہا کہ متحدہ مجلس عمل کے قیام کے بعد اب نہ صرف ہم دینی ووٹ کو تقسیم نہیں ہونے دیں گے بلکہ آئین اور جمہوریت کا بھی تحفظ کریں گے ـ انہوں نے کہا کہ دینی ووٹ کے منتشر ہونے سے اس کافائدہ سیکولر قوتیں اٹھاتی ہیں ـ انہوںنے مطالبہ کیا کہ بلوچستان سے اغوا ہونے والے اہل حدیث و ایم ایم اے کے رہنما ابو تراب کو بازیاب کروایا جائے

Comments

comments