عمران خان کو 7خون معاف ہیں احسن اقبال

وزیر داخلہ احسن اقبال نے کہا ہے کہ عمران خان کو 7خون معاف ہیں وہ اپنے ہتھکنڈوں کا خود شکار بنے گا نواز شریف عدالتوں کا احترام کرتے ہیں انہوں نے مشرف کی طرح ججز کو گھر نہیں بھیجا ماضی کے بہت سے فیصلوں کا دفاع نہیں کیا جا سکتا۔ ن لیگ ٹکرائو کی سیاست کے خلاف ہے۔ ایک نجی ٹی وی انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ ہمارے دور میں جمہوری عمل مستحکم ہوا ہے۔ ہمارا اقتصادی ایجنڈا ہے ہم پاکستان کو ایشیاء کا ٹائیگر دیکھنا چاہتے ہیں۔ اگر ہم نے یہ کامیابی حاصل کرنی ہے تو ہمیں سیاسی استحکام اور ہم آہنگی کی ضرورت ہے۔ ن لیگ ٹکرائو کی سیاست کے خلاف ہے۔ پچھلے تین سالوں میں پاکستان نے دہشتگردی کے خلاف جو کاروائیاں کی ہیں جو قربانیاں دی ہیں اور جو کامیابیاں حاصل کی ہیں وہ ناقابل فراموش ہیں۔ اس کا ہمیں کریڈٹ ملنا چاہیے۔ امریکہ افغانستان کے حوالے سے پاکستان سے کچھ رعایتیں لینا چاہتا ہے اور چاہتا ہے کہ پاکستان ہماری ڈکٹیشن پر عمل کرے۔ احسن اقبال نے کہا کہ میں نے اپنے دورہ امریکہ میں امریکی حکام پر واضح کیا ہے کہ پاکستانی قوم کا ایک مزاج ہے اگر ہمیں کوئی دوستی میں زہر کا پیالہ دے دے تو شاید ہم پی لیں لیکن اگر کوئی دھونس کے ساتھ ہمیں شہد کا پیالہ بھی دے گا تو ہم الٹا دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان دہشتگردی کے خلاف جو کچھ کر رہا ہے وہ امریکہ برطانیہ یا مغربی دنیا کی خوشنودی کے لیے نہیں کر رہا۔ ہم نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد کر رہے ہیں۔ ہم سمجھتے ہیں کہ اپنی ترقی کے لیے ہمیں انتہا پسندی کو ختم کرنا ہے۔ پاکستان کو پرامن بنانا ہے ہم نے اپنی آئندہ نسلوں کو ایک ملک دینا ہے جہاں سب محبت یکجہتی کے ساتھ رہ سکیں جن میں نفرتیں نہ ہو ں۔ یہ سارے اقدامات ہم نے اپنے مستقبل اور اپنے ملک کے لیے کرنے ہیں۔ وہ تمام تنظیمیں جن پر اقوام متحدہ نے پابندی لگائی ہے ان پر ہم نے پابندیاں لگائی ہیں کیونکہ ہم عالمی برادری کے ذمہ دار رکن ہیں۔ سیکورٹی کونسل جو پابندی لگاتی ہے پاکستان نے اس پر عملدرآمد کرنا ہے۔ ہم نے سیکورٹی کونسل کی قرارداد کے مطابق سارے اقدامات اٹھا لیے ہیں۔ انہوں نے کہ اکہ اندرونی قومی سلامتی پالیسی کی مدت پوری ہو رہی ہے اندرونی قومی سلامتی کی دوسری پالیسی کا اعلان اگلے ماہ کر دیا جائے گا اس پالیسی پر وسیع تر مشاورت اسی مہینے ہو گی۔

Comments

comments