سرحدوں سے کوئی خطرہ نہیں، عالمی سازش یہ ہے کہ پاکستان کو اندر سے انتشار اور خلفشار کا شکار کیا جائے، شیخ رشید کی پریس کانفرنس

  • IMG_20201130_181929.jpg

وزیر ریلوے شیخ رشید نے کہا ہے کہ مولانا فضل الرحمن بند میں داخل نہ ہوں ، سیاست بند گلی میں داخل ہوتو حادثات جنم لیتے ہیں، جلسوں سے عمران خان نہیں جانے والا،وہ پانچ سال پورے کر یں گے، پاکستان کو سرحدوں سے کوئی خطرہ نہیں، انٹرنیشنل سازش یہ ہے کہ پاکستان کو اندر سے انتشار اور خلفشار کا شکار کیا جائے۔راولپنڈی میں ریل کار کے افتتاح کے موقع پر پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کورونا کی وجہ سے ہم چاہتے ہیں کہ لوگ ریل کاروں میں فاصلے سے سفر کررہے ہیں اس لیے ہم نئی ریل کار کا افتتاح کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم ٹی ایل اے کے ملازمین کو بھی درجہ بدرجہ کنفرم کرنے جا رہے ہیں اور پاکستان ریلوے پہلی آرگنائزیشن ہو گی کہ جو ایک سے چار گریڈ کے ملازمین ان ملازمین کو پنشن دینے جا رہی ہے اور ان کے چار سال سے رکے ہوئے بقایہ جات بھی جاری کردیں گے۔ ا نہوں نے کہا کہ عمران خان پانچ سال پورے کریں گے اور میں پوری ذمہ داری سے کہہ سکتا ہوں کہ ان جلسوں سے تو عمران خان نہیں جانے والا۔انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمن نے لاٹھی کا جواب لاٹھی سے دینے کا اعلان کیا ہے تو یہ لاٹھی نہیں ، یہ قانون کی عملداری ہے، کورونا سے بچانے کا اہتمام ہے۔انہوں نے کہا کہ بلاول کو پشاور سے کورونا ہوا اور پشاور اور گوجرانوالہ کے بعد کورونا میں اضافہ ہوا ہے، اس سے بہتر بات شہباز شریف نے ڈائیلاگ کی ہے اور عمران خان کہہ چکے ہیں کہ وہ نیب اور این آر او کے سوا تمام چیزوں پر بات چیت کے لیے تیار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ فضل الرحمن صاحب کافی آگے جا رہے ہیں، میں ان سے یہی گذارش کروں گا کہ بند گلی میں مت داخل ہوں، پاکستان میں جب سیاست بند گلی میں داخل ہو جاتی ہے تو پھر حادثات جنم لیتے ہیں، جب حادثات جنم لیتے ہیں تو کوئی نہیں کہہ سکتا کہ نتیجہ کیسے کیا نکلے گا، اگر سیاسی ڈرائیور غلط ڈرائیونگ کرے گا تو سیاسی حادثات کے امکانات ہیں۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ چینی اور آٹے کی قیمت نیچے آئی ہے، یہ اور نیچے بھی آئیں گے، نئی کرشنگ شروع ہو گئی ، آٹا دو سے چار روپے کم ہوا ہے اور چینی 10سے 12روپے کم ہوئی ہے۔انہوں نے کہا کہ خطے کی صورتحال پر کل آئی ایس آئی ہیڈ کوارٹر میں اجلاس ہوا ہے جس میں وزیر اعظم، آرمی چیف اور سارے سربراہان موجود تھے، ہماری آنکھیں کھلی ہیں اور خطے کی صورتحال پر ہماری فوج کی پوری نظر ہے، وزیر اعظم نے گذشتہ روز ایک اجلاس کی سربراہی کی، اگر ہندوستان یہ سوچتا ہے کہ پاکستان کو دبایا جا سکتا ہے تو اس کی بھول ہے۔شیخ رشید احمد نے کہا کہ پاکستان کو سرحدوں سے کوئی خطرہ نہیں، انٹرنیشنل سازش یہ ہے کہ پاکستان کو اندر سے انتشار اور خلفشار کا شکار کیا جائے، ہماری عظیم فوج سرحدوں پر منہ توڑ جواب دے گی اور جو لوگ ملک میں انتشار پھیلا رہے ہیں انہیں سوچنا چاہیے کہ یہ حالات ایسے نہیں ہیں، انٹرنیشنل سیاست ایک نئے دوراہے میں داخل ہو رہی ہے جس میں اندر کا انتشار زیادہ نقصان دہ ہے۔ اسرائیل کے حوالے سے سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ جس کابینہ میں شیخ رشید ہو تو کیا وہاں کبھی اسرائیل تسلیم ہو سکتا ہے؟، کبھی نہیں ہو سکتا۔ن سے ش نکلنے کے حوالے سے سوال کا جواب دیتے ہوئے انہوںنے کہا کہ پہلے ہی شہباز شریف کی ایک مثبت رائے ہے اور نواز شریف کا بیانیہ مختلف ہے، کوئی سیاستدان مذاکرات کے دروازے بند نہیں کرتا، مسلم لیگ میں بھی ذمہ دار لوگ اس بات کو پسند نہیں کرتے کہ عظیم افواج کے لوگوں کے نام لے کر ان پر تنقید کی جائے، بالآخر ان کی سیاست ختم اور سیاست کا مستقبل تاریک ہو جائے گا۔انہوں نے کہا کہ دنیا کا کوئی ایسا ملک نہیں ہے جہاں اداروں کا کردار نہیں ہوتا، کیا پینٹاگون، سی آئی اے کا کردار نہیں ہوتا، ایم ون سکس کا کردار نہیں ہوتا، ہر کسی کا کردار ہوتا ہے لیکن ایک خاص مقصد کے لیے نشانہ بنانا اور دنیا میں یہ تاثر دینا کے آپ کوئی بہت بڑے لیڈر ہیں، یہ غلط ہے

Comments

comments