ڈیرہ اسماعیل دشمنی پر 3 بھائیوں کا مخالفین پر گھات لگا کر حملہ، فائرنگ سے14سالہ نوجوان جاں بحق، ۔

از طرف محمد ریحان
ڈیرہ اسماعیل خان: تھانہ یارک کی حدود میں سابقہ قتل مقاتلہ کی دشمنی پر تین بھائیوں کا مخالفین پر گھات لگا کر حملہ، فائرنگ سے14سالہ نوجوان جاں بحق، چچا زاد بھائی محفوظ رہا۔ پولیس نے نامزد ملزمان کیخلاف مقدمہ درج کرلیا۔ تفصیلات کے مطابق تھانہ یارک میں 21سالہ الیاس شیخ ولد دائود نے قتل کی دفعہ کے تحت رپورٹ درج کرائی ہے کہ وہ اپنے چچا زاد 14سالہ حنظلہ ولد ریاض وانڈہ جوگی سے پیدل اپنے گھر وانڈہ کیکری ملاخیل جارہے تھے کہ گھر کے قریب ہمارے مخالفین اسلم، افضل اور ربنواز پسران شیرین خان جو پہلے سے ہی جھاڑیوں میں گھات لگائے بیٹھے تھے نے کلاشنکوف سے ہم پر فائرنگ کردی جس کی زد میں آکر 14سالہ حنظلہ موقع پر ہی جاں بحق ہوگیا جبکہ میں نے جھاڑیوں میں چھپ کر جان بچائی۔ یارک پولیس نے الیاس شیخ کی رپورٹ پر نامزد ملزمان بھائیوں کیخلاف اس واقعہ کا مقدمہ درج کرلیا۔ رپورٹ میں وجہ عداوت سابقہ قتل مقاتلہ کی دشمنی بیان کی گئی ہے ۔

از طرف محمد ریحان
ڈیرہ اسماعیل خان: گورنمنٹ گرلز ڈگری کالج نمبر 2کی دو لیکچررز کا کورونا ٹیسٹ مثبت آگیا، کالجز میں کورونا ایس او پیز پر عملدرآمد یقینی بنایا جارہاہے، پرنسپل۔ تفصیلات کے مطابق ملک بھر میں کورونا وائرس کے مثبت کیسز میں اضافہ کیساتھ ڈیرہ اسماعیل خان میں بھی کورونا کے مریضوں کی تعداد میں اضافہ ہو رہا ہے، گورنمنٹ گرلز ڈگری کالج نمبر 2کی دو خواتین لیکچررز کا کورونا ٹیسٹ مثبت آیا ہے جنہیں گھر وںمیںکورنٹائن کر دیا گیا ہے، دوسری جانب کالج انتظامیہ کے مطابق اس حوالے سے اعلی حکام کو تحریری طور پر آگاہ کیا جا رہا ہے اور باقی سٹاف اور طالبات کے ٹیسٹ کی درخواست بھی کی جائے گی، جبکہ کالج میں ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد کیا جارہاہے ۔ ادھرکالج میں زیر تعلیم طالبات کے والدین سے ضلعی انتظامیہ نے درخواست کی ہے کہ اس صورتحال میں ضروری اور ہنگامی اقدامات کئے جائیں تاکہ دیگر سٹاف اور بچے اس موذی بیماری سے محفوظ رہیں۔

از طرف محمد ریحان
ڈیرہ اسماعیل خان:ڈیرہ گرڈ روڈ پر معروف کباڑی رمضان کے گھر میں تعمیراتی کام کے دوران لینٹر گرنے سے ایک مزدور جاںبحق، دو معمولی زخمی،ریسکیو1122کی میڈیکل ٹیم نے ابتدائی طبی امداد فراہمی کے بعد زخمیوں کو طبی امداد فراہمی کیلئے سول ہسپتال ڈیرہ منتقل کردیا۔ تفصیلات کے مطابق ڈیرہ گرڈ روڈ پر شیخ یوسف کے قریب معروف کباڑی رمضان کے گھر میں تین مزدور دیوار گرانے اور تعمیر کا کام کر رہے تھے کہ دیوار گرانے کے دوران لینٹر ان کے اوپر آگرا جس کے نتیجے میں تینوں مزدور ملبے تلے دب گئے۔ حادثہ کی اطلاع پر ریسکیو1122کی میڈیکل ٹیم وڈیزاسٹر ٹیم فوری طور پر جائے حادثہ پر پہنچی اور ملبے تلے دبے مزدوروں کو نکالا تاہم اس حادثہ میں شکیل ولد غلام شبیر سکنہ باران آباد گرڈ روڈ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے موقع پر ہی جان کی بازی ہار گیا جبکہ دیگر دو زخمی مزدوروں کو ابتدائی طبی امداد فراہمی کیلئے سول ہسپتال ڈیرہ منتقل کردیا گیا۔

از طرف محمد ریحان
ڈیرہ اسماعیل خان: تھانہ نواب شہید کی حدود گائوں شیرو میں شادی کی خوشی میں ہوائی فائرنگ کرنے پر دولہے سمیت 4افراد کیخلاف مقدمہ درج۔ تفصیلات کے مطابق تھانہ نواب شہید پولیس نے گائوں شیرو میں شادی کی خوشی میں ہوائی فائرنگ کے واقعہ پر کاروائی کرتے ہوئے شبیر، کبیر اور عمران سمیت دولہاکیخلاف 4ہوائی فائرنگ ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کرلیا۔

از طرف محمد ریحان
ڈیرہ اسماعیل خان: پہلے آل تجمل سدوزئی شہید میموریل کرکٹ ٹورنمنٹ کے فائنل مقابلے میں ظفر الیون نے نقشبند یونائیٹیڈ کو 7وکٹوں سے شکست دیکر ٹرافی اپنے نام کرلی۔ تفصیلات کے مطابق اسلامیہ ہائیر سکینڈری سکول گرائونڈ میں پہلے آل تجمل شہید میموریل کرکٹ ٹورنمنٹ میں ضلع بھر سے24ٹیموں نے حصہ لیا۔ فائنل میچ ظفر الیون اور نقشبند یونائیٹیڈ کے مابین کھیلا گیا جس میں ظفر الیون نے نقشبند یونائیٹیڈ کو 7وکٹوں سے شکست دیکر کامیابی حاصل کی۔ ٹورنمنٹ کی اختتامی تقریب میں مہمان خصوصی پرنسپل اسلامیہ ہائیر سکینڈری سکول قاری محمد عثمان اور تجمل سدوزئی شہید کے فرزند و قومی سپورٹس کے اونر فہیم سدوزئی نے کامیاب ٹیموں اور کھلاڑیوں میں ٹرافیاں، شرٹس اور کرکٹ بیٹ(بلا) تقسیم کیں۔ فائنل میچ میں مین آف دی میچ کا اعزاز محمد زعفران اعوان نے اپنے نام کیا جسے مہمانان خصوصی نے قومی سپورٹس کی جانب سے بیٹ(بلے) کے انعام سے نوازا۔ اس موقع پرپرنسپل اسلامیہ ہائیر سکینڈری سکول قاری محمد عثمان نے کہا کہ حکومت کی کھیلوں کے فروغ کی پالیسی کے مدنظر سکول کی جانب سے کھلاڑیوں کو ہرممکن سہولیات فراہمی کیلئے کوشاں ہیں کیونکہ جن علاقوں میں کھیلوں کے میدان آباد ہوتے ہیں وہاں ہسپتال ویران ہوتے ہیں۔

از طرف محمد ریحان
ڈیرہ اسماعیل خان:صدرینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن خیبرپختونخواہ ڈاکٹر رضوان کنڈی، چیئرمین ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن خیبرپختونخواہ ڈاکٹر آفتاب مروت، جنرل سیکرٹری ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن خیبرپختونخواہ ڈاکٹر اسفندیار بھٹنی اورچیئرمین کمیٹی فار میڈیکل سٹوڈنٹس ڈاکٹر محمد ساجد خان نے میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹرز ، نرسز و پیرامیڈیکل اسٹاف کے بعد میڈیکل کالجز کے طلباء کی بیشتر تعداد کورونا کی زد میں آگئے۔طالبعلم کسی بھی ملک کا بیش بہا قیمتی اثاثہ ہوتے ہیں اور پوری قوم کی امیدوں کا محور ہوتے ہیں۔میڈیکل کالجز میں داخلہ لینے والے اور دن رات ایک کر کے میرٹ بنانے والے میڈیکل کے طالبعلم ملک میں ” Cream of the Nation”کے لقب سے پہچانے جاتے ہیں ۔ملک میں اسوقت کورونا کی ابتر صورتحال ہے اور اسکا دائرہ کار اب میڈیکل طالب علموں تک پہنچ چکا ہے ۔کورونا متاثر ہونے والے میڈیکل کالجز کے طلباء کی تعداد سینکڑوں میں جا پہنچی ہیں جبکہ حکومت وقت کے کان پر جوں تک نہیں رینگی ۔ ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن خیبرپختونخواہ حکومت وقت سے مطالبہ کرتی ہے کہ ملک کے تمام میڈیکل کالجز کو فوری طور پر بند کیا جائے طلبا کی Online classes کا دوبارہ انعقاد کیا جائے ۔ طلبا کے تمام امتحان Onlineکیے جائیں ۔ تاکہ ہم اپنی ملک کے اثاثہ کو اس وبا سے ہونے والے نقصان سے بچا سکیں ۔بالخصوص ہاسٹلز میں رہائش پذیر تمام طلبا کی Mass screeningکی جائے۔ تمام ہاسٹلز کو فوری طور پر disinfectکیا جائے. امتحان کے شیڈول کو مزید آگے کرنا طلبا کے قیمتی تعلیمی سال کی ضیاع کی وجہ بن سکتا ہے ۔ حکومت طلبا کا تعلیمی سال بچائے اور ان کو مزید زہنی تشدد نہ دے ۔

از طرف محمد ریحان
ڈیرہ اسماعیل خان:پاکستان مسلم لیگ ن کے ممبر مرکزی وصوبائی کونسل اور ضلعی جنرل سیکرٹری چوہدری ریاض ایڈووکیٹ نے اپنے ایک تعزیتی بیان میں سابق وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف ، سابق وزیر اعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف کی والدہ محترمہ اور مریم نواز کی دادی شمیم بیگم کی وفات پر گہرے رنج و الم کا اظہار کرتے ہوئے شریف برادران سے تعزیت کرتے ہوئے مرحومہ کی مغفرت و بلندی درجات اور غمزدہ خاندان سے دلی تعزیت کی اور کہا کہ مسلم لیگ کا ہر کارکن غم کی اس گھڑی میں شریف خاندان کے ساتھ ہے۔

از طرف محمد ریحان
ڈیرہ اسماعیل خان: واٹر اینڈ سینی ٹیشن سروسز کمپنی(واسا) کی کلین اینڈ گرین مہم کے تحت ”ہمارا شہر۔ ہمارا گھر” کے عنوان سے عوام میں صحت و صفائی کا شعور اجاگر کرنے کی غرض سے گھروں ااور گلی محلوں کی صفائی اور واسا کی جانب سے بنائی گئی یادگاروں کے ساتھ سیلفی کے تصویری مقابلوں کا انعقاد کیا گیا ہے۔ چیف ایگزیکٹیو واسا چوہدری عطاء اللہ کے جاری اعلامیہ کے مطابق واسا کی جانب سے شہر کے مختلف یادگاری تعمیرات کے ساتھ سیلفی یا تصویر اور اس کے ساتھ ساتھ گھر ،دفتر اور گلی محلے میں منتخب کردہ مقام کی صفائی اور خوبصورتی سے پہلے اور بعد کی تصاویر کے مقابلوں کا انعقاد کیا گیا ہے ، جس میں شرکاء کو اول دوم اور سوم آنے پر تعرفی اسناد اور دیگر تحائف دئیے جائیں گے۔ مقابلے میں شرکت کے خواہش مند افراد 5دسمبر تک 0333-9981434 / 0334-8715177 اور0333-9961315پر اپنی تصاویر ووٹس ایپ کرسکتے ہیں۔

از طرف محمد ریحان
ڈیرہ اسماعیل خان: گورنمٹ کالج نمبر2ڈیرہ اسماعیل خان میں لیب اسسٹنٹس ایسوسی ایشن کالجز کا ہنگامی اجلاس زیر صدارت ڈویژنل صدر شجاع حیدر منعقد ہوا۔جس میں ضلع بھر مے میل و فی میل لیب اسسٹنٹس نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ اجلاس کے شرکاء نے ڈائریکٹر ہائیر ایجوکیشن خیبر پختونخواکو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے سینئر لیبارٹری اسسٹنٹس جن کی 30/35سال مدت ملازمت ہوچکی ہے وہ ریٹائرڈ ہوکر خالی ہاتھ گھر جارہے ہیں۔14اکتوبر2020ء کو سیکرٹری ہائیر ایجوکیشن نے ڈائریکٹریٹ لیٹر ارسال کیا کیا تھا کہ لیب اسسٹنٹس کی مشروط ترقی کے احکامات جاری کئے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ ڈائریکٹر ہائیر ایجوکیشن سے اپیل کرتے ں کہ سیکرٹری ہائیر ایجوکیشن کے احکامات کے مطابق لیب اسسٹنٹس کی سنیارٹی کو مدنظر رکھتے ہوئے ہماری ترقی کی جائے۔

Comments

comments