سابق وزیر اعظم نواز شریف کی والدہ انتقال کرگئیں وزیراعظم عمران خان ،آصف زرداری سمیت سیاسی شخصیات کا اظہار تعزیت

سابق وزیراعظم نواز شریف اور سابق وزیراعلی پنجاب شہباز شریف کی والدہ بیگم شمیم اختر وفات پا گئیں۔بیگم شمیم اختر کی وفات کی اطلاع لیگی رہنما عطا تارڑ نے ٹویٹ کے ذریعے دی، مریم نواز کو پشاور جلسے میں ان کی دادی کے انتقال سے آگاہ کیا گیا۔ مرحومہ بڑے بیٹے نوازشریف کے ہمراہ لندن میں مقیم اور کچھ عرصے سے علیل تھیں۔ عطا تارڑ کا کہنا تھا کہ ان کی شہباز شریف کے لندن میں موجود دوسرے بیٹے سلمان شہباز سے بات ہوئی جنہوں نے اپنی دادی کی وفات کی تصدیق کی۔ وزیراعظم عمران خان، سابق صدرآصف زرداری، بلاول بھٹو، چودھری برادران، گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور، اور وزیراعظم آزاد کشمیرراجہ فاروق حیدر سمیت سیاسی رہنمائوں نے ان کی وفات پر گہرے دکھ کا اظہار کیا۔وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے اپنے تعزیتی پیغام میں کہا کہ اللہ تعالی مرحومہ کو اپنی جوار رحمت میں جگہ اور غمزدہ خاندان کو صبر جمیل عطا فرمائے۔سینیٹ میں قائد حزب اختلاف راجا ظفرالحق نے نواز شریف کی والدہ کی وفات پر اظہار تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ مرحومہ نہایت نیک سیرت انسان تھیں، اللہ تعالی ان کے درجات بلند فرمائے اوراللہ تعالی میاں صاحبان کو صبر جمیل عطا فرمائے۔وزیر ریلوے شیخ رشید کا نواز شریف اور شہبازشریف کی والدہ کی وفات پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہنا تھا کہ اللہ تعالی مرحومہ کے درجات بلند فرمائے اور جنت الفردوس میں اعلی مقام عطا کرے۔بیگم شمیم اختر کے انتقال پر کنوینر ایم کیو ایم پاکستان ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی کا کہنا تھا کہ اللہ تعالی مرحومہ کی مغفرت اور شریف برادران سمیت تمام لواحقین کو صبر جمیل عطا کرے۔دوسری جانب پاک سرزمین پارٹی کے چیئرمین مصطفی کمال کا تعزیتی پیغام میں کہنا تھا کہ دکھ کی اس گھڑی میں شریف خاندان کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔

Comments

comments