صحافی سید شجاعت بخاری شہید کی پہلی برسی کشمیرپریس کلب میرپورکے زیراہتمام

میرپور
ریاست جموں وکشمیر کے نامورصحافی اور تحریک آزادی کشمیر کوقلم کی طاقت کے ذریعے اجاگرکرنے والے جراتمند،نڈر اور بہادرکشمیری جرنلسٹ سید شجاعت بخاری شہید کی پہلی برسی کشمیرپریس کلب میرپورکے زیراہتمام اس عہد کی تجدید کے ساتھ منائی گئی کہ سینئر صحافی سید شجاعت بخاری شہید کی جراتمندانہ صحافت کے لیے دی جانے والی عظیم قربانی کوہمیشہ یاد رکھا جائے گا اور تحریک آزادی کشمیر کوعالمی سطح پراجاگرکرنے کے لیے دی جانے والی خدمات پرانھیں زبردست الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا گیا۔ برسی کی تقریب کی صدارت آزادجموں وکشمیرریڈیومیرپورکے اسٹیشن ڈائریکٹر چوہدری محمدشکیل نے کی جبکہ برسی کی تقریب سے صدرکشمیرپریس کلب سجاد جرال، سیکرٹری جنرل پرویز شہزاد، ممبربورڈ آف گورنرارشدمحمودبٹ، سابق صدر وسینئرصحافی الطاف حمیدراؤ، ڈسٹرکٹ انفارمیشن آفیسر محمدجاوید ملک، سابق سیکرٹری جنرل سجاد خانپوری، ممبرپریس فاؤنڈیشن ظہورالرشید کے علاوہ دیگرنے بھی خطاب کیا۔
اس موقع پرمقررین نے اپنے خطاب میں کہاکہ تحریک آزادی کشمیر کوعالمی سطح پراجاگر کرنے والے مقبوضہ کشمیر کے سینئرصحافی سید شجاعت بخاری کوگذشتہ سال ماہ رمضان المبارک میں بھارت کی درندہ صفت فوج نے ٹارگٹ کلنگ کی آڑ میں شہیدکردیاتھا۔ ان کاجرم صرف یہ تھاکہ وہ مقبوضہ ریاست جموں وکشمیر کے عوام پرہونے والے بھارتی مظالم کو میڈیامیں رپورٹ کرتے تھے۔ مقررین نے کہاکہ سید شجاعت بخاری نے جس بہادری سے بھارتی درندہ صفت فوج کے مظالم کواجاگر کرکے اپنی صحافتی ذمہ داریاں پوری کی ہیں ان پر جتنابھی انھیں خراج عقیدت پیش کیاجائے کم ہے۔ انھوں نے نہ صرف تحریک آزادی کشمیرکواجاگر کیابلکہ کشمیریوں اور پاکستان کے رشتہ کومضبوط اور مستحکم بنانے اور الحاق پاکستان کے لیے بھی بے پناہ خدمات سرانجام دیں۔مقررین نے کہاکہ وہ ریاست جموں وکشمیر کے عوام کی آواز تھے اور مقبوضہ ریاست جموں وکشمیر کے عوام اور پاکستان کے عوام کے درمیان رابطہ کے لیے پل کاکردار اداکرتے رہے ہیں اسی وجہ سے مقبوضہ کشمیر کے نامساعدحالات میں اپنی جان کی پرواہ کیے بغیرانھوں نے اپنی صحافتی خدمات کوجاری رکھنے کاعزم کررکھاہواتھا جس پر انھیں کئی بارپابندسلاسل کیاگیااور انھیں جان سے مارنے کی دھمکیاں بھی دی گئیں۔ مقررین نے سید شجاعت بخاری کی شہادت کے واقعہ پرایک سال گزرجانے کے باوجود قاتلوں کی گرفتاری نہ ہونے پربھی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہاکہ بھارت دنیا کادہشت گرد ملک ہے جس نے مقبوضہ کشمیرمیں کرفیو،ٹارگٹ کلنگ، پیلٹ گن کااستعمال کرکے کشمیریوں کی زندگیوں کواجیرن بنارکھا ہے۔ انھوں نے شہیدسید شجاعت بخاری کی بہادری اور دلیرانہ صحافت پرزبردست الفاظ میں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہاکہ شہید کی جوموت ہے وہ قوم کی حیات ہے۔ انشاء اللہ بھارت کوجلد مقبوضہ کشمیرسے جاناہوگا اورمقبوضہ کشمیر آزادہوکرپاکستان کاحصہ بنے گا۔ اس موقع پر شہید سید شجاعت بخاری کی روح کے ایصال ثواب کے لیے فاتحہ خوانی کی گئی اور اس عزم کااظہارکیاگیاکہ شہداء کشمیرجس مشن کی تکمیل کے لیے گذشتہ 71 سالوں سے اپنی جانوں کانذرانہ پیش کررہے ہیں اس مشن کی تکمیل کے لیے آرپار کے کشمیری کسی بھی جانی ومالی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔

Comments

comments