پی ایس ایل فائنل کی اختتامی تقریب نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں جاری

  • 6B09B87B-66C8-4B9B-A148-620006E5996C.jpeg

کراچی: پی ایس ایل فور کی رنگا رنگ اختتامی تقریب نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں جاری ہے۔ 

پاکستان سپر لیگ فائنل کی رنگا رنگ اختتامی تقریب نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں جاری ہے، اختتامی تقریب سے قبل سانحہ کرائسٹ چرچ پر ایک منٹ کی خاموشی بھی اختیار کی گئی۔ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سمیت وزیر داخلہ شہریار آفریدی بھی پی ایس ایل کا فائنل میچ دیکھنے کے لیے نیشنل اسٹیڈیم میں موجود ہیں۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیئر مین پی سی بی احسان مان کا کہنا تھا کہ کراچی میں پی ایس ایل کا فائنل کرانا فخر ہے، کرکٹ کا گیم ہی لوگوں کے چہروں پر خوشی لاتا ہے، وزیر اعظم عمران خان سمیت وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ، سیکورٹی فورسز اور عوام کا شکریہ ادا کرتا ہوں جن کی مدد سے پی ایس ایل کا فائنل یہاں ہو رہا ہے۔

اس موقع پر وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ 2 سال پہلے وعدہ کیا تھا پی ایس ایل یہاں لائیں گے، اس سال سارے میچز یہاں ہو رہے، کراچی والے جیت گئے، جو بھی ٹیم جیتے، جیت کرکٹ اور پاکستان کی ہوگی۔

پی ایس ایل کے چوتھے ایڈیشن کا فائنل آج نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلا جائے گا، میچ رات 8بجے شروع ہوگا۔ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز ٹائٹل کی پیاس بجھانے کیلیے بے تاب ہے، کپتان سرفراز احمد کو ایونٹ کے ٹاپ اسکورر شین واٹسن کی خدمات میسر ہونگی، عمر اکمل، احمد شہزاد، رلی روسو اور احسان علی بھی حریفوں کے چھکے چھڑانے کی کوشش کریں گے۔

آل راؤنڈرز ڈیوائن براوو، اور محمد نواز، تجربہ کار پیسر سہیل تنویر اور باصلاحیت محمد حسنین دھاک بٹھانے کیلیے تیار ہیں، انجرڈ اسپنر فواد احمد کی شرکت یقینی نہیں ہے، حالیہ ایونٹ کے تینوں باہمی مقابلوں میں حریف پر فتوحات سے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کا اعتماد بلندیوں پر ہے۔

دوسری جانب پشاورزلمی کی ٹیم بھی 2017 کی تاریخ دہراتے ہوئے دوسری بار چیمپئن بننے کا عزم لیے میدان میں اتریگی، ٹاپ آرڈر میں جارح مزاج کامران اکمل اور ان فارم امام الحق موجود ہیں،میچ ونرز کیرون پولارڈ اور ڈیرن سیمی بھی دستیاب ہیں، چوتھے ایڈیشن کے کامیاب ترین بولر حسن علی، برق رفتار وہاب ریاض، سلو بال کے ماہر ٹائمل ملز اور پیسر کرس جورڈن حریف ٹیم کی بیٹنگ کا حوصلہ آزمائیں گے۔

Comments

comments