ادویات کی قیمتوں میں 9 اور 15 فیصد اضافہ کیا گیا

  • IMG_20190111_210239.jpg

ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی آف پاکستان کے ترجمان کیمطابق مختلف ادویات کی قیمتوں میں 9 اور 15 فیصد اضافہ کیا گیا ہے۔ ادویات میں یہ اضافہ مختلف وجوہات کی بناء پر نا گزیر تھا۔ پچھلے ایک برس میں ڈالر کی قیمت میں 30 فیصد تک اضافے کے بعد مارکیٹ میں ادویات میں استعمال ہونے والے خام مال اور پیکنگ میٹریل کی قیمتوں میں اضافہ ہوا۔ اسی طرح یوٹیلیٹی(جس میں گیس اور بجلی شامل ہیں)کی قیمتیں بڑھنے سے بھی فارما سیوٹیکل انڈسٹری پر اضافی بوجھ پڑا۔مزید برآں ایڈیشنل ڈیوٹی میں بھی اضافہ ہوا۔ انٹرسٹ ریٹ اور ملازمین کی تنخواہوں میں بھی اضافہ دیکھا گیا۔پاکستان کی زیادہ فارماسیوٹیکل درآمدات چین سے ہوتی ہیں۔ چین میں ماحولیاتی وجوہات کی بناء پر آدھی سے زیادہ انڈسٹری کی بندش سے خام مال کی قیمتوں میں دو گنااضافہ ہوا۔ ملک میں آئے دن کچھ ادویات اور ویکسین کی عدم دستیابی کی شکایات موصول ہو رہی تھیں جس کی وجوہات میں ایک وجہ ادویات کی قیمت بھی پائی گئی۔ انڈسٹری سے رابطہ کرنے پر معلوم ہوا کہ بہت سی ادویات کم قیمت ہونے کی وجہ سے تیار کرنا کاروباری لحاظ سے موزوں نہیں رہا ہے ڈریپ کے لیے جان بچانے والی اور ضروری ادویات کی فراہمی ایک اولین ترجیح ہے۔ اسی طرح کچھ عرصہ پہلے چند ملٹی نیشنل کمپنیاں پاکستان میں اپنے آپریشنز بند کر کے واپس جا چکی ہیں اور کچھ کمپنیاں مزید انوسٹمنٹ کرنے کی بجائے اپنے کاروبار سمیٹنے کا ارادہ ظاہر کر رہی ہیں یہ ساری صورت حال ملکی مفاد کی منافی ہے۔

ان تمام وجوہات کی بناء پر فارماسیوٹیکل انڈسٹری ادویات کی قیمتوں میں ڈالر کی قدر کے لحاظ سے اضافے کا مسلسل مطالبہ کر رہی تھی۔ڈریپ نے جہاں تک ممکن ہو سکا ادویات کی قیمتوں کے مشکل فیصلے کو روکے رکھا لیکن جب مارکیٹ میں جان بچانے والی اور ضروری ادویات کی عدم دستیابی بڑھنے لگی تو مریضوں اور ملک کے وسیع تر مفاد میں قیمتوں میں مناسب اضافے کا قدم اٹھایا گیا۔ ملک میں ادویات کی نوے فیصد ضروریات ملکی صنعت پوری کرتی ہے، جس کی بقاء کے لیے ادویات کی قیموں میں جائز اضافہ ضروری تھا۔

ڈریپ تمام سٹیک ہولڈرز کے ساتھ مشاورت کے بعد اس نتیجے پر پہنچی کہ ملک میں ادویات کی دستیابی، نئی انوسٹمنٹ اور فارماسیوٹیکل صنعت کے فروغ کے لیے قیمتوں میں 9 اور15 فیصد اضافہ کیا جائے۔ اس مقصد کے لیے منسٹری آف نیشنل ہیلتھ سروسز کی ضروری کاروائی کے بعد وفاقی حکومت کی منظوری سے ادویات کی قیمتوں میں اضافے کا نوٹیفیکیشن جاری کیا گیا ہے۔ ڈریپ ترجمان نے واضح کیا کہ ادارہ ادویات کے معیار اور ان کی مناسب قیمت پر دستیابی کے لیے کوشاں رہے گا اور اس اضافے کے باوجود پاکستان میں ادویات کی قیمتیں بین الا قوامی اور علاقائی سطح پر قیمتوں سے کم رہیں گی۔

Comments

comments