العزیزیہ ریفرنس‘ سزا کیخلاف نواز شریف کی درخواستوں کی سماعت کیلئے اسلام آباد ہائی کورٹ کادو رکنی بینچ تشکیل

اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس اطہر من اللہ نے سابق وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف کی جانب سے العزیزیہ اسٹیل ملز کیس میں احتساب عدالت کی جانب سے سنائی گئی سزا کے خلاف دائر درخواستوں کی سماعت کے لیے جسٹس عامر فاروق اور جسٹس محسن اختر کیانی پر مشتمل دو رکنی بینچ تشکیل دے دیا۔ بینچ 21 جنوری کو نواز شریف کی سزا معطلی اور ضمانت پر رہائی کے حوالہ سے دائر دو الگ، الگ درخواستوں پر سماعت کرے گا۔ واضح رہے کہ نواز شریف نے احتساب عدالت کے جج محمد ارشد ملک کی جانب سے العزیزیہ اسٹیل ملز کیس میں سنائی گئی سات سال قید کی سزا اور ڈیڑھ ارب روپے اور 25 ملین ڈالرز جرمانے کی سزاؤں کو اسلام آباد ہائی کورٹ میں چیلنج کیا ہے۔ نواز شریف کے وکیل خواجہ محمد حارث کی جانب سے دو درخواستیں دائر کی گئی ہیں ایک درخواست سزاؤں کے خلاف دائر کی گئی ہے جبکہ دوسری درخواست سزؤں کو معطل کر کے ضمانت پر رہائی کے لیے دائر کی گئی ہے۔

Comments

comments