پاکستان اسٹاک ایکس چینج میں مندی کا تسلسل برقرار رہا

  • 1490738-KSEindexnewonline-1546550142-555-640x480.JPG.jpg

کراچی: پاکستان اسٹاک ایکس چینج میں جمعرات کو بھی مندی کا تسلسل برقرار رہا اور انڈیکس 253.24 پوائنٹس کی کمی سے 37542.01  پوائنٹس کی سطح پر آگیا۔

حصص کی فروخت کا دباؤبڑھنے کے باعث 68.65 فیصد کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں کمی ریکارڈ کی گئی جس سے سرمایہ کاروں کو ایک کھرب 7 ارب 16 کروڑ 73 لاکھ روپے کو نقصان اٹھانا پڑا۔  کاروباری حجم بھی صرف 6 کروڑ 79 لاکھ 58 ہزار شیئرز تک محدود رہا۔ جمعرات کو ایک موقع پر سرمایہ کاروں کی جانب سے حصص کی خریداری میں دلچسپی کے باعث کے ایس ای 100 انڈیکس 37795.25 پوائنٹس کی بلند سطح پر پہنچ گیا تھا لیکن بعد ازاں منافع کیلیے حصص کی فروخت بڑھ گئی جس سے تیزی کے اثرات زائل ہو گئے۔

مارکیٹ کے اختتام پر کے ایس ای 100 انڈیکس 253.24 پوائنٹس کی کمی سے 37542.01 پوائنٹس پر بند ہوا۔ اسی طرح کے ایس ای30 انڈیکس 93.75 پوائنٹس اور کے ایس ای آل شیئرز انڈیکس 385.70 پوائنٹس کی کمی سے بالترتیب 17596.22 پوائنٹس اور28013.64 پوائنٹس پر بند ہوئے۔ گزشتہ روز مجموعی طور پر 319 کمپنیوں کا کاروبار ہوا جس میں سے 88کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں اضافہ، 219 میں کمی اور 12کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں استحکام رہا۔ قیمتوں میں اتار چڑھاؤ کے اعتبار سے یونی لیور فوڈز کے حصص کی قیمت 75روپے اضافے سے 7200روپے، مری پٹرولیم کے حصص کی قیمت 18.11روپے کے اضافے سے1304.90روپے ہو گئی۔

Comments

comments