جلال آباد میں پاکستانی قونصل خانہ کل سے دوبارہ کام شروع کردیگا، دفتر خارجہ

اسلام آباد: دفتر خارجہ کے ترجمان ڈاکٹر محمد فیصل کا کہنا ہے کہ افغانستان کے شہر جلال آباد میں پاکستانی قونصل خانہ کل سے دوبارہ کام شروع کردے گا۔

ترجمان کے مطابق قونصل خانہ افغان حکومت کی جانب سے تحفظ کی یقین دہانی کے بعد کھولا جارہا ہے جہاں کل سے ویزا آپریشن دوبارہ شروع کریں گے۔

ڈاکٹر محمد فیصل کے مطابق جلال آباد اور اس کے اطراف رہنے والے کل سے ویزے کے لیے قونصل خانہ میں درخواست دے سکتے ہیں۔

دفتر خارجہ کے ترجمان کا کہنا ہے کہ جلال آباد کا قونصل خانہ 30 اگست 2018 کو بند کیا گیا تھا۔

 

یاد رہے کہ  حکومت پاکستان نے افغانستان کے شہر جلال آباد میں سیکیورٹی خدشات کے باعث اپنا قونصل خانہ بند کرتے ہوئے کہا تھا کہ مکمل سیکیورٹی ملنے تک سفارت خانہ نہیں کھولا جائے گا۔

31 اگست کو دفتر خارجہ کے ترجمان نے پاکستانی قونصل خانہ بند کرنے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا تھا کہ صوبہ ننگر ہار کے گورنر کی پاکستانی قونصل خانہ کے امور میں مداخلت قابل افسوس ہے۔

Comments

comments