حکومت کو سی پیک منصوبے کاآڈٹ کرنے سے کچھ نہیں ملے گا ، احسن اقبال

سابق وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی و ترقی اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما چوہدری احسن اقبال نے کہا ہے کہ حکومت سی پیک منصوبہ کا 200 کی بجائے دو ہزار دفعہ بھی آڈٹ کرے گی تو اس کو کچھ نہیں ملے گا لیکن اپنا وقت ضائع کرینگے۔ 10سال بعد یہ بات ضرور سامنے آئے گی کہ ہماری حکومت کے خاتمہ میں سی پیک منصوبہ پر تیزی سے کام کرنے کا جرم بھی شامل تھا۔ سی پیک دو حکومتوں کا نہیں بلکہ یہ دو ریاستوں کے درمیان معاہدہ ہے۔ سی پیک منصوبہ میں پاکستانی مفادات پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا گیا۔ سی پیک پاکستان اور چین کا دوطرفہ معاہدہ ہے اور اس میں انڈر سٹینڈنگ موجود ہے کہ دونوں ملک اس کے اسٹریٹجک پارٹنر رہیں گے اور اگر ہم نے اس منصوبہ میں کسی تیسرے یا چوتھے ملک کو شامل کرنا ہے تو وہ اس وقت تک نہیں ہو سکتا جب تک دونوں ممالک اس کے لئے رضامند نہ ہوں۔ ان خیالات کا اظہار احسن اقبال نے نجی ٹی وی سے انٹرویو میں کیا۔

Comments

comments