ہر سوال کا جواب دینے والا گوگل 20 برس کا ہوگیا، خصوصی ڈوڈل متعارف

  • F6FB69CA-F76B-4ABC-8F2E-1E38C0EA9209.png

دنیا کا مقبول ترین سرچ انجن گوگل رواں ماہ اپنی 20 ویں سالگرہ کا جشن منا رہا ہے، جس کے لیے آج خصوصی اینیمیٹڈ ویڈیو ڈوڈل پیش کیا گیا ہے۔

کسی بھی چیز کی معلومات حاصل کرنے کے لیے آج ہر شخص گوگل کا محتاج ہے، یہی وجہ ہے کہ گوگل کو 20 برس سے بے شمار صارفین استعمال کر رہے ہیں۔

یوں تو گوگل کو آفیشل طور پر 4 ستمبر 1998کو متعارف کیا گیا تھا لیکن کمپنی کی جانب سے اس کی سالگرہ ہر سال 27 ستمبر کو منائی جاتی ہے۔

آج گوگل کا ڈوڈل اینیمیٹد ویڈیو میں تبدیل کیا گیا ہے، جس میں انگریزی حروف کے غبارے بنائے گئے ہیں۔

خصوصی اینیمیٹڈ ڈوڈل ویڈیو 1 منٹ 37 سیکنڈ پر مشتمل ہے جس میں منفرد زبانوں میں وہ سب دکھایا گیا ہے، جسے صارفین سرچ کرتے ہیں، جیسے کھیلوں کی معلومات، تصاویر، کھانے پینے کی اشیاء کی معلومات اور جفز وغیرہ۔

اینیمیٹڈ ویڈیو کے آخر میں گوگل نے مختلف زبانوں میں صارفین کا شکریہ بھی ادا کیا۔

واضح رہے کہ گوگل کا آغاز اسٹینڈفورڈ یونیورسٹی کے دو طلبا لیری پیج اور سرگی برن نے کیا تھا، جن کا مقصد ایک ایسا سسٹم تیار کرنا تھا جس سے لوگوں کو باآسانی ہر چیز کی معلومات حاصل ہوسکیں۔

گوگل کمپنی کی جانب سے ہر برس یہ کوشش ہوتی ہے کہ وہ صارفین کو زیادہ سے زیادہ بہتر سروس فراہم کریں اور یہی وجہ ہے کہ گوگل میں گاہے بگاہے متعدد فیچرز بھی شامل ہوتے رہتے ہیں۔

گوگل اس وقت 150 زائد سے زیادہ زبانوں اور 190 سے بھی زائد ممالک میں استعمال کیا جانے والا سرچ انجن ہے۔

Comments

comments